Hasideen e Iqbal Ke Ghissay Pittay Ilzamat
حاسدینِ اقبالؒ کے گھسے پٹے الزامات
ہمسایہ ملک اور مغربی طاقتوں کے وظیفہ خوار اپنے ٹاسک سے کبھی غافل نہیں ہوئے لہٰذا وہ ڈیوٹی نبھانے کے لیے پاکستان کے نوجوانوں میں ذہنی انتشار پیدا کرنے کی شرارتیں کرتے رہتے ہیں۔ آج کل پھر وہ اس طرح کے شوشے چھوڑ رہے ہیں کہ اگر پاکستان نہ بنتا تو مسلمان ہندوستان میں بہت بڑی طاقت ہوتے۔ یا یہ کہ علامہ اقبال نے تو 1930ء میں علیحدہ ملک کا نظرّیہ پیش نہیں کیا تھا۔
آج ہندوستان کے پچیس کروڑ مسلمان کیڑوں مکوڑوں کی طرح جی رہے ہیں جن کی نہ جان محفوظ ہے نہ مال اور نہ آبرو، اگر پاکستان نہ بنتا تو بھی اکثریت میں ہونے کے باعث دلی کی حکومت ہندؤں کی ہوتی، لہٰذا فوج اور پولیس ہندؤں کے کنٹرول میں ہی ہوتیں، تو اس صورت میں ہندوستان میں ساٹھ کروڑ مسلمان غلام ہوتے۔ اللہ تعالیٰ کی کروڑہا رحمتیں نازل ہوں بانیانِ پاکستان پر جنھوں نے چالیس پینتالیس کروڑ مسلمانوں کو آزاد کرالیا اور انتہائی تنگ نظر ہندؤں کی غلامی سے بچالیا۔
علامہ اقبالؒ کا علمی قد کاٹھ اتنا بلند ہے کہ پچھلے سو سال سے ان کے مخالفین اور حاسدین کی سازشوں اور شرارتوں کی اہمیّت چاند پر تھوکنے کے سوا کچھ نہیں رہی۔ تاریخی حقائق کے مطابق 1930ء کے صدارتی خطبے سے پہلے ہی ہندوستان کے مسلمانوں کے مستقبل کے بارے میں علامہ اقبال کے ذہن میں ایک نقشہ تشکیل پاچکا تھا اور وہ اس بارے میں پوری طرح یکسو تھے۔ ویسے تو وہ عملی سیاست سے گریز کرتے تھے مگر ان کا عملی سیاست میں آنے کا واحد مقصد مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کا قیام تھا۔ علّامہ صاحب کے اکثر ناقدین ان کے صاحبزادے ڈاکٹر جاوید اقبال کی تحریروں سے سندلاتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اقبال ہی کی تصنیف "زندہ رود" کے حوالے سے چند چیزیں قارئین کے ساتھ شیئر کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اقبال لکھتے ہیں۔
" 23 نومبر1930ء کو علامہ اقبال کی دعوت پر مسلم اکابرین کا ایک اجتماع برکت علی محمڈن ہال لاہور میں منعقد ہوا، جس میں انھوں نے اجتماع کا مقصد بیان کرتے ہوئے فرمایا، حالاتِ حاضرہ کے اعتبار سے شمالی ہند کے مسلمانوں کی ایک خاص کانفرنس کا انعقاد ضروری ہے، جس میں صوبہ سرحد، بلوچستان،........
