Beti Ko Azadi Nahi, Etemad Dein
بیٹی کو آزادی ہی نہیں، اعتماد دیں
بیٹیاں والدین کے گھر میں عمر کے کسی بھی حصے میں چلی جائیں، والدین کی نظر میں اکثر چھوٹی ہی رہتی ہیں۔ ان کی خوشی، ان کی فکر، ان کی حفاظت اور ان کے مستقبل کی خواہش ہر والدین کے دل میں ہوتی ہے۔ لیکن کبھی کبھی محبت اور حفاظت کی خواہش کے درمیان ایک ایسی لکیر کھنچ جاتی ہے جہاں بیٹی کی آواز دھیمی پڑنے لگتی ہے، اس کے جذبات کو نادانی سمجھ لیا جاتا ہے اور اس کی رائے کو اہمیت دینے کے بجائے اس کے لیے فیصلے کر دیے جاتے ہیں۔
ایک ایسی بیٹی کا تصور کیجیے جو اپنے والدین سے ہر بات شیئر کرتی ہے۔ اپنی خوشیاں، اپنی پریشانیاں، اپنے خواب اور اپنے دل کی الجھنیں بھی۔ وہ سمجھتی ہے کہ دنیا میں اگر کوئی اسے سب سے بہتر سمجھے گا تو وہ اس کے والدین ہو گے۔ لیکن جب اسے واقعی کسی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، جب وہ چاہتی ہے کہ کوئی اس کی بات سنے، اس کے جذبات کو سمجھے اور اسے صحیح راستہ دکھائے، تو بعض اوقات اسے وہ توجہ نہیں ملتی جس کی اسے امید ہوتی ہے۔
اس وقت اسے صرف ایک مسئلے کا سامنا نہیں ہوتا، بلکہ اس کا اعتماد بھی متزلزل ہونے لگتا ہے۔ ہم اکثر بیٹیوں کو ناسمجھ، جذباتی اور کم عقل کہہ کر ان کی بات کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ یقیناً کم عمری میں تجربے کی کمی ہوتی ہے، جذبات میں آ کر فیصلے بھی ہو سکتے ہیں، لیکن کیا سمجھ داری صرف عمر کے ساتھ آتی ہے؟ کیا بیٹی کو سمجھ دار بنانے کے لیے اسے اپنی بات کہنے، سوال کرنے اور اپنے فیصلوں کے نتائج سمجھنے کا موقع دینا ضروری نہیں؟
زندگی انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے۔ وقت کے ساتھ لوگوں کی پہچان ہوتی ہے، تعلقات کی حقیقت سمجھ آتی ہے اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ لیکن یہ سیکھنے کا عمل اسی وقت بہتر ہوتا ہے جب انسان کو رہنمائی، اعتماد اور اپنی غلطی تسلیم کرنے کی گنجائش بھی دی جائے۔
آج بہت سے والدین اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلاتے ہیں، ملازمت کرنے کی اجازت دیتے ہیں، انہیں دوسرے شہروں بلکہ دوسرے ممالک........
