Falkiyat Ki Tareekh (1)
فلکیات دنیا کے قدیم ترین علوم میں شمار ہوتی ہے، لیکن اس کی ابتدا کسی درسگاہ، تجربہ گاہ یا رصدگاہ سے نہیں ہوئی تھی۔ اس کا آغاز اس وقت ہوا جب انسان نے پہلی مرتبہ آسمان کو صرف دیکھنے کے بجائے اس میں موجود ترتیب کو محسوس کرنا شروع کیا۔ سورج ہر روز ایک مخصوص سمت سے طلوع ہوتا تھا، شام کو غروب ہو جاتا تھا، چاند کی شکل بدلتی رہتی تھی اور ستارے ہر رات ایک خاص انداز میں نمودار ہوتے تھے۔ ابتدا میں یہ سب معمول کے مناظر تھے، لیکن رفتہ رفتہ انسان نے محسوس کیا کہ ان تبدیلیوں میں ایک باقاعدہ نظم موجود ہے۔
فلکیات کی ابتدائی تاریخ کو سمجھنے میں ایک بنیادی مشکل یہ ہے کہ اس دور کے لوگوں نے اپنے مشاہدات کو تحریر کی صورت میں محفوظ نہیں کیا تھا۔ اسی وجہ سے مؤرخین کو اس زمانے کی معلومات کتابوں کی بجائے آثارِ قدیمہ، قدیم تعمیرات، پتھروں کی ترتیب، ہڈیوں، اوزاروں اور دوسری دریافتوں کی مدد سے حاصل ہوتی ہیں۔ یہی شواہد بتاتے ہیں کہ ہزاروں سال پہلے کے انسان نے آسمان کا مشاہدہ کب اور کس حد تک شروع کیا تھا۔ جہاں براہِ راست ثبوت موجود نہیں ہوتے وہاں محققین مختلف شواہد کو ملا کر محتاط انداز میں نتائج........
