Whatsapp Hacking Ka Dhoka
واٹس ایپ ہیکنگ کا دھوکا
بعض اوقات انسان کو دھوکا دینے کے لیے جھوٹ نہیں، صرف ایک ایسا بہانہ درکار ہوتا ہے جو سچ جیسا محسوس ہو۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں فراڈ کرنے والوں نے ہماری کمزوریوں کو سمجھ لیا ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ سرکاری ادارے، بینک، کورئیر کمپنیاں اور آن لائن کاروبار تصدیقی کوڈ استعمال کرتے ہیں۔ اسی معمول کو بنیاد بنا کر وہ اعتماد کی ایک مصنوعی فضا قائم کرتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ ایسی معلومات اپنے قبضے میں لے لیتے ہیں جو اس کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس تک رسائی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔
واٹس ایپ، موبائل نمبر اور سوشل میڈیا ہمارے لیے محض رابطے کے ذرائع نہیں رہے۔ ان میں ہماری نجی گفتگو، تصاویر، کاروباری روابط، خاندان کے نمبر، مالی معاملات، تعلیمی تعلقات اور بعض اوقات ہماری پوری ذاتی زندگی محفوظ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کسی اکاؤنٹ کا غیر مجاز قبضہ صرف ایک ایپ کے ہیک ہونے کا مسئلہ نہیں بلکہ شناخت، اعتماد اور تعلقات کے غلط استعمال کا دروازہ بن سکتا ہے۔ ایک فراڈ کرنے والا شخص اگر کسی کا اکاؤنٹ اپنے قبضے میں لے لے تو وہ اسی شخص کی شناخت استعمال کرتے ہوئے اس کے عزیزوں اور دوستوں سے رقم مانگ سکتا ہے، جعلی پیغامات بھیج سکتا ہے یا ایسی معلومات حاصل کر سکتا ہے جو آگے مزید نقصان کا سبب بنیں۔
اس پورے معاملے کا سب سے تشویش ناک پہلو ٹیکنالوجی نہیں بلکہ انسانی نفسیات ہے۔ ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ فراڈ کا شکار صرف وہ شخص ہوتا ہے جو بہت سادہ لوح ہو۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ تعلیم یافتہ، مصروف، تجربہ کار اور سوشل میڈیا........
