Iqtedar Ke Khel Ka Aik Aur Season
اقتدار کے کھیل کا ایک اور "سیزن"
دیرینہ قارئین کھودینے کے خوف سے بدھ کی صبح ملکی سیاست کے بارے میں لکھنے کو مجبور ہوا۔ قارئین کی خواہش تھی کہ چوہدری شجاعت حسین کے فرزند چوہدری سالک حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کے مابین چھڑی لفظی جنگ کے بارے میں کچھ لکھا جائے۔ اقتدار کے کھیل کو 1985ء کے برس سے بہت قریب سے دیکھنے کے بعد اس سے اُکتائے ذہن نے دونوں کے مابین چھڑے قضیے کو "وقتی رونق" قرار دیتے ہوئے جند چھڑالی۔ کالم لکھ کر دفتر بھجوادینے کے چند ہی گھنٹوں بعد اگرچہ محسوس ہونا شروع ہوا کہ "رونق" اتنی بھی "وقتی" نہیں ہے۔ جس "رونق" کو بدھ کے روز کئی گھنٹوں تک برداشت کرنا پڑا اس کا براہِ راست تعلق چوہدری سالک حسین اور مریم نواز صاحبہ کے مابین چھڑی لفظی جنگ سے نہیں تھا۔ ایک اور میدان میں نئی گیم نمودار ہوتی محسوس ہوئی۔ جو گیم کھل رہی تھی اس کے مضمرات محض ایک صوبے تک محدود نہیں رہیں گے۔
گھماپھرا کر بات کرنے کے بجائے مکدی گل بتانا ہوگی۔ پیر کی رات تک تحریک انصاف کے وفادار وکلاء کا ایک گروہ میرے قابل اعتماد ذرائع کو انتہائی مایوس ہوا یہ بتارہا تھا کہ منگل کے روز جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 190ملین پائونڈ رشوت کے الزام میں سنائی سزائوں کے خلاف داخل ہوئی اپیل کی سماعت شروع ہوگی تو عدالت کا رویہ مشفقانہ نہیں ہوگا۔ بانی تحریک انصاف اور ان کی ا ہلیہ کے وکلاء کو سزا کے خلاف دلائل پیش کرنے کو مجبور کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے مؤکل سے ہدایات لینے کے نام پر ملاقات کی درخواست کی تو یاد دلایا جائے گا کہ ان کے اہم ترین وکیل........
