America Ke Iran Par Aik Aur Round Ki Dhamkiyon Ke Asraat
امریکہ کے ایران پر ایک اور راؤنڈ کی دھمکیوں کے اثرات
اتوار کی صبح بے خوابی سے نڈھال ہوا سات بجنے میں دس منٹ پر یہ کالم لکھ رہا ہوں۔ مضطرب بے خوابی کی وجہ کوئی ذاتی پریشانی نہیں بلکہ "سارے جہاں کا درد ہمارے جگر میں ہے" والا خبط تھا۔ اسے دل ودماغ پر مسلط کرنے والے شخص کا مختصر تعارف مگر قارئین کو درکار ہوگا۔
سوشل میڈیا کے ایکس پلیٹ فارم کا پھیرا لگانے کے عادی دوست ماریونوفل (Mario Nawfal) نامی "ذہن ساز" سے شناسا ہوں گے۔ لبنان کے ایک مسیحی گھرانے میں پیدا ہوکر آسٹریلیا منتقل ہوکر بینکاری اور کاروبار کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے ماریو نے وسیع پیمانے پر کھانے کی فراہمی کے ایک کاروبار سے شروع ہوکر کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری شروع کردی تھی۔ کافی رقم جمع کرلینے کے بعد دولت کمانے کے نت نئے ڈھنگ سوچنے والے اس شخص نے مگر بتدریج یہ دریافت کیا کہ انٹرنیٹ کی ایجاد کے بعد دنیا بھر میں پھیلے لاکھوں افراد "تازہ ترین خبروں" سے آگاہ رہنے کو بے تاب ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ روایتی میڈیا انہیں "باخبر" رکھنے کی صلاحیت اپنے مفادات ا ور محدودات کی وجہ سے کھوبیٹھا ہے۔ لوگ "سچ" کی تلاش میں نوکریوں سے آزاد ہوئے "سٹیزن جرنلسٹس" کی بتائی خبریں سننا چاہتے ہیں۔
"سچی" اور "چوندی چوندی" خبروں کی بڑھتی طلب کو بھانپتے ہوئے ماریو نے ایک کمپنی بنائی۔ سنا ہے اس کے لئے اس نے سینکڑوں لوگوں کو معقول تنخواہوں پر بھرتی کیا ہے۔ اپنی ٹیم تیار کرلینے کے بعد سوشل میڈیا کے ایکس پلیٹ فارم سے روایتی 24/7چینل کی طرز پر اس نے صبح گیارہ بجے سے رات گیارہ بجے تک مستقل "خبریں" براہِ راست نشر کرنا شروع کردیں۔ دوبئی میں بیٹھ کر وہ ایکس کے ذریعے امریکی اور نیٹو ممالک کے انٹیلی جنس اداروں اورفوج کے اعلیٰ عہدے سے ریٹائر ہوئے لوگوں سے رابطہ کرکے سنسنی خیز معلومات خلقِ خدا کو فراہم کرنا شروع ہوگیا۔ بطور رپورٹر اس کے رویے کو میں نے ہمیشہ مشکوک گردانا۔ ہمہ وقت یہ........
