Pakistan: Aik Be Chain Zehan Ki Rudad
پاکستان: ایک بے چین ذہن کی روداد
کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک ایسے ملک میں زندہ ہیں جو بیک وقت کئی مختلف زمانوں میں سانس لے رہا ہے۔ ایک پاکستان وہ ہے جو جدید عمارتوں، ڈیجیٹل بینکاری، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کی بات کرتا ہے۔ دوسرا پاکستان وہ ہے جہاں آج بھی صاف پانی، معیاری تعلیم، بنیادی صحت اور انصاف ایک خواب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ایسا فاصلہ حائل ہو چکا ہے جو صرف دولت کا نہیں، سوچ، مواقع اور امید کا بھی ہے۔
میرے ذہن میں اکثر یہ سوال گردش کرتا ہے کہ آخر ہم ایک قوم ہوتے ہوئے بھی اتنے بٹے ہوئے کیوں ہیں؟ ہمارے شہروں اور دیہات میں فاصلہ ہے، امیر اور غریب کے درمیان فاصلہ ہے، حکمران اور عوام کے درمیان فاصلہ ہے، تعلیم یافتہ اور محروم طبقوں کے درمیان فاصلہ ہے، حتیٰ کہ ایک ہی شہر کے دو محلوں کے رہنے والے بھی گویا دو مختلف دنیاؤں کے باسی دکھائی دیتے ہیں۔
پاکستان کی سب سے بڑی بدقسمتی شاید غربت نہیں بلکہ ناہمواری ہے۔ ایک طرف ایسے لوگ ہیں جن کے لیے دنیا کی بہترین جامعات، بہترین علاج اور بہترین مواقع........
