Kirdar Badalte Hain, Kahani Nahi
کردار بدلتے ہیں، کہانی نہیں
صدیاں بدل گئیں، سلطنتیں مٹ گئیں، حکمران بدل گئے، مگر طاقت کی ہوس، ناانصافی اور خون بہانے کی روایت آج بھی زندہ ہے۔ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ شاید یہ نہیں کہ انسان نے انسان کو قتل کیا، بلکہ یہ ہے کہ ہر دور میں قتل کرنے والے نے خود کو حق پر اور مرنے والے کو قصوروار ثابت کرنے کی کوشش کی۔ تلوار سے لے کر میزائل تک، غاروں سے لے کر ایوانِ اقتدار تک، طریقے بدلتے رہے، مگر دلیل وہی رہی: حق میرا ہے، فیصلہ میرا ہے اور جو میرے راستے میں کھڑا ہے، وہ انسانیت کا دشمن ہے۔
قرآنِ مجید کی سورۃ المائدہ میں آدمؑ کے دو بیٹوں کا واقعہ بیان ہوا ہے۔ دونوں نے قربانی پیش کی، ایک کی قربانی قبول ہوئی اور دوسرے کی نہیں۔ محرومی نے حسد کو جنم دیا، حسد نے قتل کا ارادہ پیدا کیا اور یوں انسانی تاریخ میں ناحق خون بہانے کا ایک ایسا باب کھلا جس کی بازگشت آج تک سنائی دیتی ہے۔ ایک بھائی نے دوسرے کو قتل کرنے کی دھمکی دی تو اس نے جواب میں کہا کہ میں تمہیں قتل کرنے کے لیے اپنا ہاتھ نہیں اٹھاؤں گا۔ مگر اخلاق کی یہ آواز طاقت، حسد اور خواہش کے شور میں دب گئی۔
یہ محض دو بھائیوں کا قصہ نہیں، یہ انسان کی اس نفسیات کی کہانی ہے جس میں اپنی خواہش پوری نہ ہونے پر دوسرے کا وجود ناقابلِ برداشت ہو جاتا ہے۔ زمین ہو، دولت ہو، وسائل ہوں یا اقتدار، جب حق کے بجائے قبضے کو اصول بنا لیا جائے تو اختلاف دشمنی میں اور دشمنی خون ریزی میں بدل جاتی ہے۔
صدیوں سے انسان اپنے جیسے انسان کے خلاف صف آرا ہے۔ کبھی قبیلے کے نام پر، کبھی نسل کے نام پر، کبھی مذہب کے نام پر اور کبھی قومی سلامتی کے عنوان سے۔ پہلے فاتح اپنی تلوار کے زور پر فیصلہ سناتا تھا، اب وہ اپنے مؤقف کے حق میں دلائل، سفارت کاری، ذرائع ابلاغ اور عالمی حمایت بھی جمع کرتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ پرانے زمانے کا فاتح اپنی طاقت پر ناز کرتا تھا، آج کا طاقتور اپنی طاقت کو انصاف کا نام بھی دیتا ہے۔
ظلم کی سب سے خطرناک صورت وہ نہیں جس میں طاقتور کمزور کو کچل دے، بلکہ وہ ہے جس میں طاقتور دنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہو جائے کہ کچلا جانے والا اسی سلوک کا مستحق تھا۔
یہیں سے تاریخ کا ایک اور المیہ شروع ہوتا ہے۔ مقتول کی موت کے ساتھ اس کی کردار کشی بھی کی جاتی ہے۔ حملہ آور اپنی کارروائی کو دفاع، اپنے مفاد کو اصول اور اپنے قبضے کو امن کا نام دیتا ہے۔ پھر طاقتور ملکوں کے........
