Rishwat, Sifarish Aur Khushamad: Muashare Ko Nochte Zaagh
رشوت، سفارش اور خوشامد: معاشرے کو نوچتے "زاغ"
ہوئی نہ زاغ میں پیدا بلندی پروازی خراب کرگئی شاہیں بچے کو صحبت زاغ
یہ شعر جب بھی پڑھتا تو اس شعر کی ہر مرتبہ ایک نئی تشریح سامنے آتی پھر سوچتا کہ علامہ اقبالؒ کی ادبی اور شعری علامت "زاغ" اور "شاہین" کا تعلق کیسے ہو سکتا ہے؟ کبھی سوچتا کہ زاغ کی صحبت میں کیسے شاہین رہ سکتا ہے؟ ایک جانب خوبیاں ہی خوبیاں، بلند پروازی، خودداری اور روحانیت والا شاہین اور دوسری جانب پستی، کم مائیگی، مردہ خور، زمین پر گندگی تلاش کرنے والا، پست سوچ رکھنے والا کردار "زاغ "؟
ایک دن اباجی لفٹیننٹ (ریٹائرڈ) محمد ایاز خان مرحوم سے پوچھا کہ اباجی یہ اقبال کے اشعار میں علامتیں بارہا سامنے آتی ہیں تو باز یا شاہین کی علامت تو یہ سمجھ آتی ہے کہ وہ جس میں باز یا شاہین جیسی خوبیاں موجود ہوں مگر یہ "زاغ" کس کی علامت ہے؟ اباجی ایک محب وطن سابق فوجی افسر تھے اور انہوں نے پاکستان کے خلاف ہر جنگ میں حصہ لیا اور بہادری کے اعزازات سے نوازئے گئے تھے۔ وہ کہنے لگے علامہ اقبالؒ کے نزدیک "زاغ" ہر اس جاندار کی علامت وہ ہوتا ہے جو اعلیٰ مقاصد چھوڑ کر صرف عارضی اور دنیاوی فائدوں کے پیچھے بھاگتا ہے۔ جو اپنی حرص و ہوس کی خاطر رزق اور خوراک میں بھی کبھی حلال و حرام کی تمیز نہیں کرتا یہی وجہ ہے کہ معاشرئے کا معاشی اور اخلاقی توازن برقرار نہیں رہ پاتا۔
اباجی ہمیشہ بتاتے کہ زاغ یعنی "کوا" ہمیشہ سےحریص، شور اور مردار خوری کی علامت سمجھا گیا ہے یہ اپنی عیاری، چالاکی، لالچ اور تیز فہمی کی وجہ سے جانا جاتا ہے لیکن بنیادی طور پر یہ بزدل اور ڈرپوک ہوتا ہے۔ جبکہ باز بلند پروازی، خودادری، جرات اور بلند مقصد کی علامت ہوتا ہے۔ شاہین اور زاغ دونوں کے درمیان فرق صاف ظاہر ہوتا ہے۔ اس لیے ہمارئے اباجی ہمیشہ رشوت خور، خوشامدی اور ناجائز سفارش کرنے والے کو "زاغ" سے تشبیہ دیتے تھے اور کہتے تھےکہ رشوت خور، ناجائز کام کے سفارشی اور خوشامدی ایسے "زاغ" ہوتے ہیں جو معاشرہ کی ہڈیوں کا گودہ تک نوچ لیتے ہیں اگر اس "زاغ" کو ہر طرح کی کرپشن کی علامت سمجھا جائے تو یہ غلط نہ ہوگا۔۔ ان برائیوں میں سے سفارش ایک اچھی چیز ضرور ہو سکتی ہے اگر یہ کسی کا حق مارنے کی بجائے کسی حقدار کو حق دلانے کے لیے کی جائے۔ ارشاد ربانی ہے کہ "گناہ کے امور میں ایک دوسرے کی اعانت نہ کرو" سفارش پر کچھ لینا رشوت ہے جو حرام ہے۔ جبکہ نیک اور جائز سفارش کرنے کا حکم ہوا ہے۔ اس لیے ہمیں اچھی اور جائز سفارش اور ناجائز سفارش کے درمیان........
