Pia: Khair Naal Aa, Khair Naal Ja
پی آئی اے: خیر نال آ، خیر نال جا
پڑھا ہے، سنا ہے اور بزرگوں سے اس کے قصے بھی سنے ہیں کہ ایک زمانے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، یعنی پی آئی اے، دنیا کی بہترین فضائی کمپنیوں میں شمار ہوتی تھی۔ یہ بھی سنا کہ اس ادارے کو بنانے والے لوگ ایسے تھے جن کے لیے پی آئی اے محض ایک ملازمت، ایک دفتر، ایک عہدہ یا سرکاری ادارہ نہیں تھا بلکہ پاکستان کے وقار کا دوسرا نام تھا۔ وہ اسے چلاتے نہیں تھے، بناتے تھے۔ وہ اس میں ملازمت نہیں کرتے تھے، اسے اپنا گھر سمجھ کر اس کی عزت کرتے تھے۔
دنیا نے اس کے نظام سے سیکھا، اس کی تربیت کو سراہا، اس کے معیار کی مثالیں دیں اور اس کے کئی طریقے دوسری فضائی کمپنیوں نے اپنائے۔ شاید یہ سب کچھ واقعی ایسا ہی تھا۔ ہم نے تو اپنی آنکھوں سے وہ زمانہ نہیں دیکھا۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ جب سے آنکھ کھولی ہے، پی آئی اے کو زوال کی طرف جاتے ہی دیکھا ہے۔ کبھی جہاز کی شکایت، کبھی پرواز کی تاخیر، کبھی عملے کے رویے کی شکایت، کبھی لباس پر اعتراض اور کبھی انتظامی بے ترتیبی۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک زمانے میں جس ادارے کو دنیا پاکستان کی پہچان سمجھتی تھی، آج وہ خود اپنی پہچان تلاش کر رہا ہے۔
پچھلے ماہ زندگی میں دوسری بار اس عظیم قومی فضائی کمپنی میں سفر کرنے کا اتفاق ہوا۔ "اتفاق" شاید اس لیے کہ اسے باقاعدہ انتخاب کہنا ذرا مشکل ہے۔ بہرحال جہاز میں بیٹھنے سے پہلے دل میں ایک امید تھی کہ شاید حالات بدل گئے ہوں گے۔ شاید اب پی آئی اے پھر اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہو۔ شاید کسی نے اسے جھنجھوڑ کر جگا دیا ہو۔ شاید وہ پرانا وقار واپس آ گیا ہو جس کے قصے ہم نے دوسروں سے سنے تھے۔ مگر جہاز کے اندر قدم رکھا تو امید نے بھی شاید اپنی نشست کی پٹی باندھ لی اور خاموش ہوگئی۔ جہاز، عملہ، لباس، اندازِ گفتگو اور مجموعی ماحول، کوئی چیز ایسی نہیں تھی جسے دیکھ کر دل بے اختیار کہتا کہ ہاں، یہ وہی ادارہ ہے جس نے کبھی دنیا کو متاثر کیا تھا۔
ایک فضائی کمپنی دراصل ایک اڑتا ہوا دفتر نہیں ہوتی، وہ اپنے ملک کی تہذیب، نظم، تربیت اور مزاج کا چلتا پھرتا سفیر ہوتی ہے۔ مسافر جب اس میں داخل ہوتا ہے تو وہ صرف جہاز میں نہیں بیٹھتا، وہ اپنے ملک کی انتظامی قابلیت کا تجربہ کرتا ہے۔ اگر اسے وقت کی پابندی، خوش اخلاقی، صفائی، نفاست اور پیشہ ورانہ رویہ ملے تو وہ اپنے ملک کا نام فخر سے لیتا ہے اور اگر اسے بے ترتیبی، بے نیازی اور "جو ہوگا........
