Bani Pti Ke Liye Bazariya Cricket Aalmi Dabao Dalwane Ka Harba
بانی پی ٹی آئی کے لئے بذریعہ کرکٹ "عالمی دباؤ" ڈلوانے کا حربہ
آج تک سمجھ نہیں پایا کہ عاشقانِ عمران کا جنونی گروہ اپنے قائد کی طرز سیاست کے نقاد رہے مجھ ایسے صحافیوں کو ہر صورت ان کے دشمنوں کی صف میں کھڑا رکھنے کو بے قرار کیوں رہتا ہے۔ کرکٹ سے مجھے رتی بھر دلچسپی نہیں۔ اسی باعث لاعلم تھا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے ایک سلسلے کے لئے ان دنوں برطانیہ میں ہے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارموں کے توسط سے البتہ علم ہوا کہ کرکٹ کے عالمی طورپر مشہورگراؤنڈ لارڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جو میچ ہوا تھا اس کے پہلے روز کے کھیل کے دوران لنچ بریک ہوئی تو سکائی سپورٹس نے وقفے کو اس وقت تک ہوئے کھیل پر تبصرے کے بجائے عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کرنے کے لئے استعمال کیا۔
سکائی سپورٹس کی یہ پیش قدمی ہر حوالے سے حیران کن تھی۔ اندھی نفرت وعقیدت میں منقسم ہوئے ماحول میں بانی تحریک انصاف کے مداحین کو مذکورہ انٹرویو نے بہت شاد کیا۔ سینہ پھلاتے ہوئے سوشل میڈیا پر دعویٰ کرنا شروع ہوگئے کہ جیل میں مقید عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر ہوجانے کے بعد پاکستان کا بندوبستِ حکومت انہیں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے ایک حکم کے مطابق جیل سے ان کی ترجیح کے ہسپتال منتقل کرنے کو مجبور ہوجائے گا۔
بارہا اس کالم میں اعتراف کیا ہے کہ میں عمران خان صاحب کی طرز سیاست کا 2011ء میں مینارِ پاکستان تلے منعقد ہوئے خطاب کے بعد سے مستقل نقاد رہا ہوں۔ بانی تحریک انصاف نے میری تنقید کو درگزر کرتے ہوئے چند مشترکہ دوستوں کی وساطت سے مجھے رام کرنے کی کوشش بھی کی۔ دل مگر نرم نہ ہوا۔ نرمی کی گنجائش نکل سکتی تھی۔ سوشل میڈیا پر چھائے تلنگوں نے مگر تواتر سے مجھے لفافہ اور اخلاقی اعتبار سے بدکردار........
