Inhen Hamesha Ke Liye Rehayi Mil Gayi
حیات و موت کے درمیان فاصلہ کتنا مختصر ہے، اس کا اندازہ مجھے اُس وقت ہوا جب فیس بک اسکرول کرتے ہوئے اچانک ملک کے معروف خطاط اور ڈیزائنر ارشد خرم صاحب کی ایک پوسٹ نظر سے گزری۔ انہوں نے اپنا ڈیزائن کردہ ایک خوب صورت ٹائٹل شیئر کیا تھا اور لکھا تھا کہ کتاب یا میگزین کے ٹائٹل کے لیے ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ابھی اس پوسٹ کو لائک ہی کیا تھا کہ اگلی ہی خبر ان کی وفات کی آ گئی۔ شدید جھٹکا لگا، بے حد رنج ہوا اور لمحہ بھر کو یوں محسوس ہوا جیسے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی ہو۔ اِنّا للہ و اِنّا الیہ راجعون۔
ارشد خرم صاحب ایک معروف ڈیزائنر اور پاکستان میں جدید خطاطی کے موجدین میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے روایتی خوش نویسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور ایسے اچھوتے خطوط تخلیق کیے جو کثیرالاشاعت میگزینوں، اخبارات اور رسائل کی زینت بنتے رہے۔ ان کے قلم سے نکلی ہوئی سرخیاں اور ٹائٹلز اپنی انفرادیت کے باعث دور سے پہچان لیے جاتے ہیں۔........
