Pakistan Waqai Aik Jannat Hai |
پاکستان واقعی ایک جنت ہے
جس سوسائٹی میں رہائش پذیر ہوں وہاں قدم قدم پر میڈیکل سٹورز یا فارمیسیز موجود ہیں۔ بحریہ ٹاؤن لاہور کے رہائشی تو جانتے ہی ہوں گے کہ یہاں اتنی تعداد میں ریسٹورانٹس نہیں جتنی تعداد میں میڈیکل سٹورز ہیں۔ آپ کو کیا لگتا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی کُل آبادی بیمار ہے یا یہاں ادویات کی کھپت سارے شہر سے زیادہ ہے؟ یا یہ بہت زیادہ منافع بخش کاروبار ہے جس میں جمپ یا جیک پاٹ لگتے ہوں؟ اکثر سٹورز پر الو بول رہا ہوتا ہے لیکن وہ کھُلے ہیں، بند نہیں ہوتے۔ کرایے بھی لاکھوں کے حساب سے ادا کر رہے ہیں۔ کمرشل پراپرٹیز ہیں ان پر بجلی کے بلز بھی آفرین ہیں۔ ائیر کنڈیشنرز چوبیس گھنٹے چل رہے ہیں۔
بڑے شہروں میں کچھ کاروبار، کاروبار کرنے کی نیت سے نہیں کھولے جاتے۔ ان کا مقصد کچھ اور ہوتا ہے۔ یہ فرنٹ فیس ہوتے ہیں۔ ان کی آڑ میں جعلی انوائسنگ یا فیک بلنگز ہوتی ہیں۔ غیر قانونی دولت یا کالے دھن کو سفید کرنے کا لانڈری سیٹ آپ ہوتے ہیں۔ امپورٹ ایکسپورٹ سے وابستہ کچھ کاروبار کاغذوں میں بڑے پیمانے پر کھولے جاتے ہیں جن کا مقصد منی لانڈرنگ ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا اعترافی بیان ہے صرف ایک سال کے دوران سو ارب ڈالرز ملک سے باہر گئے........