Kahani Sandal Bar Aur Iske Heros Ki

کہانی ساندل بار اور اس کے ہیروز کی

دریائے راوی اور دریائے چناب کے درمیاں ایک وسیع کم آباد علاقہ تھا جسے رچنا دو آبہ کہا جاتا تھا۔ اس علاقے کا قدیم نام ساندل بار تھا۔ پنجاب میں "بار" ایسے خطے کو کہتے تھے جہاں میٹھا پانی نہ ہو، بارشیں کم ہوں، زمین قدرتی جھاڑیوں اور جنگلات سے ڈھکی ہو۔ ساندل بار کا علاقہ ببول کے درختوں اور جھاڑیوں سے بھرا ہوا تھا مگر غیر آباد نہیں تھا۔ یہاں راجپوتوں، بلوچوں اور جٹ قبائل کی آبادیاں تھیں، جن میں شامل تھے سدھیرے، گِل، وٹو، وارث شاہ کے جدّی خاندان۔ یہ لوگ زیادہ تر بارانی کھیتی، شکار اور مویشی پالنے پر گزارا کرتے تھے۔

مغل دور میں یہاں باقاعدہ نہری نظام نہیں تھا اس وجہ سے آبادی کم رہی۔ صرف چند کاروان سرائیں تھیں جن میں مسافر قیام کرتے۔ ساندل بار کا راستہ مغل فوجوں کے لیے لاہور جھنگ کے درمیانی راستے کے طور پر جانا جاتا تھا۔ سکھ حکمران مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور میں ساندل بار شکارگاہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔ کئی قبائل کو سکھ سرداروں نے بار سے نکالا۔ کچھ علاقوں پر باغی گروہ قبضہ کر لیتے۔ ٹیکس وصولی مشکل ہوتی۔ سکھ انتظامیہ نے یہاں باقاعدہ شہر یا نہر بنانے کی کوشش نہیں کی۔

جب سنہ 1849 میں برطانوی حکومت نے پنجاب لیا تو ان کے سامنے تین بڑے چیلنج تھے۔ زرعی پیداوار بڑھانا، پنجاب کو فوجی رسد کا مرکز بنانا، بےآب علاقوں کو قابلِ استعمال بنانا۔ ساندل بار بہت وسیع تھا مگر میٹھا پانی نہیں تھا، ببول اور جھاڑیاں بہت تھیں، ریت کے ٹیلے بھی تھے۔ کوئی باقاعدہ منظم آبادی موجود نہیں تھی۔ لیکن بار کا علاقہ دو دریاؤں کے درمیان تھا اس لیے انگریزوں نے اسے مستقبل کے بڑے شہر کے طور پر دیکھنا شروع کیا۔ جھنگ کے ڈپٹی کمشنر نے گورنر پنجاب سر جیمز لائل کو تجویز دی کہ ساندل بار میں ایک باقاعدہ شہر آباد کیا جائے۔ اسی منصوبے کے تحت سنہ 1890 کی دہائی میں ایک نیا شہر بسایا گیا، جو بعد میں گورنر کے نام پر لائل پور کہلایا اور سنہ 1977 میں اس کا نام فیصل آباد رکھا گیا۔ اس وقت جھنگ، کمالیہ اور پیرمحل کے علاوہ اس خطے میں کوئی بڑی آبادی نہ تھی۔ آج کا فیصل آباد بھی ضلع جھنگ کا حصہ تھا۔ موجودہ فیصل آباد کی جگہ صرف چند گاؤں تھے جہاں جھنگ سے لاہور جانے والے قافلے رک کر آرام کرتے تھے۔

لیکن ٹھہرئیے۔ یہ داستان آج کے فیصل آباد کی نہیں۔ قدیم ساندل بار کی ہے۔ مزاحمتی کرداروں کی ہے۔ عشق و محبت کی ہے۔ یہاں وہ لوگ تھے جنہوں نے انگریز سرکار کے خلاف بغاوت کی یا برٹش پنجاب میں چلنے والی مزاحمتی تحریکوں کا نمایاں کردار رہے۔ اس دھرتی نے رائے احمد خان کھرل، بھگت سنگھ، اجیت سنگھ اور سُندر سنگھ لائلپوری جیسے مزاحمتی کرداروں کو جنم دیا۔ جنہوں نے برٹش انڈیا........

© Daily Urdu