Naujawan, Siasat Aur Riyasat |
نوجوان، سیاست اور ریاست
ریاست کی جانب سے پچھلے کچھ عرصہ کے دوران اس خواہش کا اظہار بڑی شد و مد سے کیا جا رہا ہے کہ نوجوان ریاست کے ساتھ کھڑے ہو جائیں بلکہ مطالبہ کے انداز میں دہرایا جاتا ہے کہ نوجوان نسل کو ہر حال میں ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ گو کہ ہمارے ہاں ریاست سے مراد اکثر پاک فوج ہی لی جاتی ہے اور اس کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی پریس کانفرنسوں اور تقاریر میں یہ بات کئی بار کہہ چکے ہیں لیکن نوجوان بھی تو اس ملک کی ایک بڑی قوت ہیں، غیر منظم ہی سہی لیکن مسلمہ حقیقت ہیں اگر نوجوانوں کی بھی کوئی منظم آواز ہوتی ان کا بھی کوئی ایک ترجمان ہوتا تو ریاست کے آگے چند سوالات ضرور رکھتا کہ جناب آپ نوجوان نسل سے ریاست کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطالبہ تو کرتے ہیں، لیکن ریاست بھی نوجوان نسل کے ساتھ کھڑی ہے کیا؟
آخر نوجوانوں نے ریاست سے کب منہ موڑا؟ 2013ء، 2018ء اور 2024ء کے انتخابات میں نوجوان نسل نے جوق در جوق نکل کر ووٹ دیا، اپنی پسند کے نمائندوں کو منتخب کرنے کی کوشش کی اور ہر بار اپنے ووٹ کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ وہ اس ریاست کے سیاسی اور جمہوری نظام کی بنیاد یعنی ووٹ کی قوت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کیا اور اپنے ووٹ کو تبدیلی کا ذریعہ سمجھا۔ لیکن پھر ان کی جمہوری طاقت کو کمزوری میں بدلنی کو کوششیں کس نے کیں کہ وہ ٹک کر کھڑے نہ رہ سکیں؟
ریاست تو عوام سے بنتی ہے، آئین سے بنتی ہے، پارلیمان بھی ریاست ہے، عدلیہ بھی ریاست ہے اور دوسرے تمام آئینی ادارے بھی ریاست کا حصہ ہیں۔ پارلیمان تو ریاست کے جمہوری نظام کی بنیاد ہے، جہاں عوام کے منتخب نمائندے بیٹھتے ہیں اور عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔ پھر ریاست کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ نوجوان صرف ایک ادارے کے ساتھ کھڑے ہوں اور باقی آئینی اداروں، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کی اہمیت کو نظر انداز کر دیں؟
ذرا 2013ء کی طرف واپس چلتے ہیں۔ اس وقت ملک کی سیاست میں ایک نئی لہر پیدا ہو رہی تھی۔ تحریک انصاف نے نوجوانوں کو بڑی تعداد میں سیاست کی طرف متوجہ کیا۔ نوجوان پہلی مرتبہ بڑی تعداد میں سیاسی جلسوں، سوشل میڈیا اور انتخابی مہمات میں نظر آنے لگے۔ انہوں نے سیاست کو صرف پرانے........