Hum Ghareeb Kyun Hain?

غربت صرف آمدنی کی کمی کا نام نہیں، بعض اُوقات ہمارے رویّے بھی ہماری خوش حالی کے راستے میں دیوار بن جاتے ہیں۔ ہم اکثر اپنی غربت کا ماتم کرتے ہیں۔ کبھی حالات کو کوستے ہیں، کبھی قسمت کو الزام دیتے ہیں، کبھی نظام کی ناانصافیوں کا شکوہ کرتے ہیں اور کبھی معاشرے میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کو اپنی محرومیوں کا سبب قرار دیتے ہیں۔ بلاشبہ یہ تمام عوامل اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن کیا ہم نے کبھی اپنی ذات کے اندر جھانک کر یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ہماری غربت میں ہمارے اپنے رویّوں، عادتوں اور طرزِ زندگی کا کتنا حصہ ہے؟ کیا یہ ممکن نہیں کہ ہم میں سے بعض لوگ اتنے غریب، حالات کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی مصنوعی ضروریات، غیر ضروری اخراجات اور دوسروں کو متاثر کرنے کی خواہش کے باعث ہوتے ہیں؟

حقیقت یہ ہے کہ غربت ہمیشہ جیب میں پیسوں کی کمی سے پیدا نہیں ہوتی، بعض اُوقات یہ ہمارے ذہن میں پلنے والی خواہشوں، ترجیحات اور عادتوں میں بھی پرورش پاتی ہے۔ ہم ایک ایسی زندگی گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں جو ہماری حقیقی معاشی حیثیت سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ہم اپنی زندگی اپنے لیے کم اور دوسروں کی نگاہوں کے لیے زیادہ ترتیب دیتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ لوگ ہمیں خوش حال سمجھیں، چاہے اس خوش حالی کی قیمت ہمیں اپنی عدم ذہنی آسودگی، دِگر گُوں مالی استحکام اور تاریک مستقبل کی بے چینی کی صورت میں ہی کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔

ہماری زندگی میں ایک عجیب قسم کا تصنُع اور بناوٹ دَر آیا ہے۔ کھانے پینے سے لے کر اُٹھنے بیٹھنے تک، لباس سے لے کر رہائش تک اور سفر سے لے کر میل ملاقات تک، ہم ہر معاملے میں اپنی حیثیت سے بڑھ کر دکھائی دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمیں اس بات سے زیادہ غرض نہیں ہوتی کہ ہماری ضرورت کیا ہے، بلکہ ہماری توجہ اس بات پر مرکوز رہتی ہے کہ دوسرے ہمیں کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ یوں ہم اپنی ذات کی تسکین کی بجائے دوسروں کی پسند اور ناپسند کے اسیر ہو جاتے ہیں۔

مثال کے طور پر ایک شخص مناسب کرائے کے مکان میں اطمینان سے رہ رہا ہے، لیکن اسے اچانک احساس ہوتا ہے کہ اپنا مکان ہونا چاہیے۔ وہ اپنی استطاعت سے بڑھ کر مکان خریدنے یا بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ کچھ عرصے بعد اسے اپنا مکان چھوٹا محسوس ہونے لگتا ہے۔ اب اسے بڑا مکان چاہیے۔ بڑا مکان مل جائے تو کسی دوسرے کا مکان اس سے زیادہ خوب صورت دکھائی دینے لگتا ہے۔ اس طرح خواہشوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ہم اسے ترقی، کامیابی اور فطری خواہش کا نام دیتے ہیں، حالاں کہ اس کا ایک بڑا حصہ احساسِ کمتری، مقابلے بازی اور مصنوعی برتری کے جذبے سے پیدا ہوتا ہے۔

یہی صورتِ حال ہمارے لباس کے........

© Daily Urdu