Walid Ke Aalmi Din Par Aik Baap Ka Eteraf |
والد کے عالمی دن پر ایک باپ کا اعتراف
گو اسلامی تعلیمات کے مطابق تو ہر دن ہی باپ کی عظمت کے اعتراف کا دن ہوتا ہے لیکن رواج یہ ہے کہ اکیس جون کو دنیا بھر میں والد کا عالمی دن منایا جاتا ہے جب پوری دنیا کے بچے اپنے والد کو مختلف انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس مرتبہ میرے بچوں نے بھی میرے سے ایک خوبصورت کیک کٹوا کر اور مباکباد دئے کر یہ دن منایا اور اپنے بوڑھے باپ کی ان خدمات کا اعتراف کیا جو اب ماضی کا حصہ بن چکی ہیں باپ کے عالمی دن پر دنیا بھر میں باپ کی محبت، قربانیوں اور ذمہ داریوں کا ذکر کیا جاتا ہے، دنیا بھر کے باپوں کو یہ عالمی دن مبارک ہو!
مگر شاید اس دن کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ باپ بھی اپنے دل کے دریچے کھول کر اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کا اعتراف کرے۔ کیونکہ باپ بھی آخر انسان ہوتا ہے، فرشتہ نہیں اس لیے اعتراف کا اظہار کوئی کمزوری نہیں رشتوں کا حق ہے۔ اعتراف بھی اظہار محبت کی طرح رشتوں کی اوکسیجن ہے جیسے جسم کے لیے سانس ضروری ہے رشتوں کے لیے زبان سے کیا گیا اعتراف اور عمل سے کیا گیا خلوص ضروری ہے۔
آج میں بطور باپ یہ تسلیم کرتا ہوں کہ زندگی کی دوڑ میں بچوں کے لیے بہتر مستقبل بنانے کی کوشش کرتے کرتے بعض اوقات ان کے حال کو نظر انداز کر بیٹھا۔ رزق کی تلاش میں اتنا مصروف رہا کہ کئی بار ان کی ننھی خواہشیں، ان کے سوال، ان کی خاموشیاں اور ان کے انتظار کو سمجھ نہ سکا۔ میں مانتا ہوں کہ کبھی سخت لہجے نے محبت کے اظہار کو دبا دیا، کبھی نصیحتوں کی زیادتی اور ڈانٹ نے دوستی کا راستہ روک لیا اور کبھی اپنی تھکن کو بچوں کی غلطی سمجھ کر ان پر ناراضی اتار دی۔ میں نے ان کے لیے گھر بنایا، آسائشیں فراہم کیں،........