Urdu Nashariyati Idare Apna Mazaq Na Urwayen

کراچی سے زبیر واسطی صاحب شکوہ کناں ہیں: "اخبارات میں اکثر ہم پڑھتے ہیں کہ تفصیلی بریفنگ، دی جائے گی۔ میں سمجھتا ہوں کہ بریفنگ، تو شاید اختصار کو کہتے ہیں۔ بریف کیس، مختصر چیزیں ساتھ لے جانے کے لیے ہوتا ہے۔ بریفنگ، کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ مختصر انداز میں بات سمجھا دی جائے گی۔ تو یہ تفصیلی بریفنگ، کیا ہے؟ اس پر کچھ روشنی ڈالیے اپنے کسی کالم میں"۔

صاحب! روشنی ڈالتے ڈالتے تو خود ہمارے ہی چودہ طبق روشن ہوگئے ہیں، مگر اخبارات و نشریات میں شاید تاریکی پسند شب زادے اور شب زادیاں براجمان ہیں۔ روشنی ڈالنے سے اُن کی آنکھیں چُندھیا جاتی ہیں۔ ہماری آنکھیں بھی اُس وقت چُندھیا گئیں جب ہم نے ایک حیرت انگیز خبر دیکھی۔ یہ خبر پاکستان میں انگریزی زبان کے سب سے مستند اور سب سے معیاری اخبار کے اُردو نشریاتی ادارے کے پردے پر نمودار ہوئی تھی۔ آج سے چار دن قبل سُرخ چہچہاتے رنگ کی تختی پر روشن حروف میں یہ "اہم خبر" خطِ نستعلیق میں درج نظر آئی:

"ایم کیو ایم پاکستان کا کل یومِ سیاح منانے کا اعلان"۔

خبر تحریر کرنے والے صاحب نے شاید سیاہ رنگ خوب گاڑھا کرنا چاہا تھا۔ مگر ہمیں یقین ہے کہ انگریزی صحافت کی دنیا میں انتہائی وقیع مقام رکھنے والا یہ اخبار انگریزی زبان کے ساتھ ایسی حرکت کرنے کی آزادی ہرگز نہ دیتا ہوگا۔ انگریزی زبان کے ایسے نصیب کہاں؟ اپنی قومی زبان کے ساتھ ملک کی دانشور اشرافیہ کا یہ خصوصی سلوک دیکھ کر اُردو کو یقیناً فخر محسوس ہوا ہوگا اور ذوقؔ کا شعر یاد آگیا ہوگا:

سر بوقتِ ذبح اپنا، اُس کے زیرِ پائے ہے
یہ نصیب اللہ اکبر! لوٹنے کی جائے ہے

توکہیے حضور پڑ گئی روشنی؟ اب آئیے آج کے سوال کی طرف۔

جی جناب! آپ نے جو سمجھا اور جو سمجھایا، وہی درست ہے۔ انگریزی میں "Brief" مختصر اور جامع خلاصے کو کہتے ہیں۔ دستاویزات کی تلخیص یا اجمالی یادداشت بھی"Brief" کہلاتی ہے۔ جب کہ "Briefing"........

© Daily Urdu