Gurg e Shab

کچھ تحریریں بہت مختصر ہوتی ہیں مگر اس کے چند صفحات دوسری تحریروں کے سینکڑوں صفحات پر بھاری ہوتے ہیں۔ اکرام اللہ کا ناول "گرگ شب" ایک سو ستائیس صفحات کا مختصر ناول ہے لیکن اپنی انفرادیت کے لحاظ سے یہ ایک پراثر ناول ہے۔ اس ناول کو عکس پبلی کیشنز نے شائع کیا ہے۔ گرگ شب کی کہانی خود کلامی پر مبنی ہے جس کا مرکزی کردار ظفر جو پہلے شفیع تھا کی محرومیوں اور اس کے نفسیاتی المیے کو بیان کیا گیا ہے۔

شفیع فروز آباد کا رہائشی ہوتا ہے، اس کے باپ میاں احمد دین نے دو شادیاں کی ہوتی ہیں، شفیع میاں احمد دین کی دوسری بیوی سے ہوتا ہے۔ ناول میں شفیع کی ماں کو ایک لڑاکا اور بدتمیز عورت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس سے شفیع کو بھی کوئی خاص انس نہیں بلکہ اس کے برعکس اس کی سوتیلی ماں کو ایک صلح جو، ملنسار اور محبت کرنے والی عورت دکھایا گیا ہے۔ شفیع کو بھی اپنی سگی ماں سے زیادہ سوتیلی ماں سے پیار ہے، جبکہ میاں احمد دین کا کردار بہت تھوڑا سہی مگر یاد رکھنے والا ہے جو دونوں بیویوں میں توازن قائم رکھنے کی پوری کوشش کرتا ہے اس کے باوجود دوسری بیوی یعنی کہ شفیع کی ماں کے طعنے بھی بہت تحمل سے برداشت کرتا ہے۔

شفیع کی اذیت کا آغاز اس دن ہوتا ہے جس دن اس کی ماں کی اس کے سوتیلے بھائی کی بیوی سے لڑائی ہو جاتی ہے تو شفیع کی بھابھی اس کی ماں کو اس کی بدزبانی اور گالی کے جواب میں کہتی ہے کہ تیرا یارانہ میرے شوہر یعنی کہ اپنے سوتیلے بیٹے سے ہے اور شفیع اس ہی کا نتیجہ ہے۔ یہ الزام ہے یا انکشاف اس بارے میں ناول تو خاموش ہے مگر یہ طعنہ کہ شفیع اپنے سوتیلے بھائی غلام احمد کا بیٹا ہے اس قدر بھیانک ہوتا ہے کہ شفیع کی زندگی دوزخ بن جاتی ہے۔ اس طعنے سے اس کی شخصیت مکمل طور پر تباہ ہو جاتی ہے۔ یہ طعنہ اس کا ہر وقت پیچھا کرتا رہتا ہے جب وہ اپنے ایک دوست محسن سے بھی یہ سنتا ہے تو اس کی حالت کو جیسے مصنف نے بیان کیا میں وہ اقتباس نقل کرتا ہوں جس سے اس کی اذیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

"میں نے لحظےبھر کے لئے اسے دیکھا، جیسے مرتا ہوا ہرن اپنی آبدیدہ آنکھوں سے شکاری کو رحم طلب لفظوں سے دیکھتا ہے اور پھر کچھ کہے بغیر نہر میں غوطہ لگا دیا۔ میں بہت دیر تک پانی کے نیچے چھپا رہا وہاں پہ ایک بے حد دھندلا مٹی کے رنگ کا مبہم سا اجالا پھیلا تھا جس میں کچھ دکھائی نہیں پڑتا۔ اس خاموشی میں گزرتے ہوئے پانی کی بہت ہلکی سائیں سائیں اور میرے پھڑ........

© Daily Urdu (Blogs)