Aks e Natamam Kulliyat e Manzoomat e Mohsin Khalid Mohsin: Naqd o Nazr |
"عکسِ ناتمام"کلیاتِ منظوماتِ محسن خالد محسنؔ: نقد و نظر
محسن خالد محسنؔ اِکیسویں صدی کی جدید اُردو نظم کے اُن شعرا میں شمار کیے جا سکتے ہیں جن کے ہاں ذاتی تجربہ، سماجی شعور اور وجودی سوالات ایک دوسرے سے پیوست ہو کر شعری اظہار کی صورت اختیار کرتے ہیں۔ اگرچہ اُن کی تخلیقی ابتدا غزل سے ہوئی، تاہم جلد ہی اُن پر واضح ہوگیا کہ اُن کے تجربات، داخلی کیفیات اور فکری سوالات کے اظہار کے لیے آزاد نظم اور نثری نظم زیادہ موزوں وسیلہ ہیں۔ اُن کی شاعری کا بنیادی وصف یہ ہے کہ وہ زندگی کو محض باہر سے دیکھنے کی بجائے اسے اپنی ذات میں جذب کرتے ہیں اور پھر اس تجربے کو ایسی زبان دیتے ہیں جس میں فرد کا دُکھ اجتماعی معنویت اختیار کر لیتا ہے۔
محسن خالد محسنؔ سے میرا تعلق دسمبر 2010ء سے قائم ہے۔ ہم دونوں نے ایم فل میں ایک ساتھ داخلہ لیا اور بعدازاں ایم فل سے پی ایچ۔ ڈی (اُردو) تک علمی و تحقیقی سفر میں بھی ہمارا رابطہ برقرار رہا۔ اس دوران ادب، سماج، معاشرت، سیاست اور انسانی رویّوں پر گفتگو کے متعدد مواقع میسر آئے۔ 2018ء میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے محسن خالد محسن کا بطور لیکچرار انتخاب ہوا۔ اُس زمانے میں، میں بھی سیالکوٹ میں تدریسی فرائض انجام دے رہی تھی۔ علمی نشستوں اور ادبی محفلوں میں اُن کی نظموں کو سُننے اور اُن کے تخلیقی مزاج کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔ ان محفلوں میں ڈاکٹر ساجد ڈار، ڈاکٹر انجم یوسف، ڈاکٹر اللہ یار، ماجد بھائی اور پروفیسر اسحاق (مرحوم) سمیت اہلِ علم و ادب شریک ہوتے تھے۔
محسن خالد محسنؔ کے ہاں ابتدا ہی سے نظم کے بنیادی عناصر تجربے کی صداقت، خیال کی وحدت، داخلی ربط اور اظہار کی انفرادیت نمایاں دکھائی دیتے تھے۔ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے دوران ہونے والی گفتگو سے مجھے اندازہ ہوا کہ اُن کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن وہ اپنی تحریروں کی اشاعت کے بارے میں زیادہ پُرجوش نہیں تھے۔
اُن کا خیال تھا کہ وہ اپنی ذات کی تسکین کے لیے لکھتے ہیں اور لکھنا اُن کے لیے ایک طرح کا نفسیاتی اخراج یا کیتھارسس ہے۔ میں نے اُنہیں اس طرف متوجہ کیا کہ ذاتی تجربے سے جنم لینے والی تخلیق جب فن کی صورت اختیار کر لیتی ہے تو وہ صرف تخلیق کار کی ملکیت نہیں رہتی، وہ قاری کے تجربے اور اجتماعی شعور کا حصہ بھی بن سکتی ہے۔ اسی حوصلہ افزائی کے نتیجے میں اُن کے شعری مجموعوں کی اشاعت کا سلسلہ آگے بڑھا۔
محسن خالد محسن کا پہلا شعری مجموعہ "کچھ کہنا ہے" کے عنوان سے 2014ء میں شائع ہوا، جس میں اُن کی ابتدائی، بالخصوص نوجوانی کے رومانوی احساسات اور جذبات کی ترجمانی غزل کے ذریعے ہوئی۔ اس مجموعے میں ایک ایسے تخلیقی ذہن کی جھلک ملتی ہے جو اپنے احساسات کو زبان دینے کے ساتھ ساتھ اپنے اظہار کی صورت بھی تلاش کر رہا تھا۔ اس کے بعد "دُھند میں لپٹی شام" 2016ء منظرِ عام پر آیا۔ اس مجموعے میں غزل کے مقابلے میں نظم کی طرف میلان زیادہ نمایاں ہے۔ اسے پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ شاعر کو نظم میں اپنے تجربے کی تہیں کھولنے، خیال کو آگے بڑھانے اور داخلی کیفیت کو نسبتاً وسیع تناظر میں پیش کرنے کی زیادہ گنجائش ملتی ہے۔
مذکورہ مجموعوں کے بعد محسن خالد محسنؔ نے اپنی تخلیقی توجہ آزاد نظم اور نثری نظم پر مرکوز کر دی۔ یہ تبدیلی محض صِنف کی تبدیلی نہیں، بلکہ اظہار کے اپنے موزوں وسیلے کی تلاش بھی ہے۔ اُن کے ہاں نظم تجربے کی ترتیب، فکر کی حرکت اور داخلی کشمکش کے اظہار کا بنیادی وسیلہ بن جاتی ہے۔
پہلے دو مجموعوں کی اشاعت کے بعد مزید اشاعت کا سلسلہ برسوں رُکا رہا۔ "ت لاش" شعری مجموعہ 2025ء میں ورلڈ ویو پبلشر، لاہور سے شائع ہوا جومحسن خالد محسنؔ کی تخلیقی زندگی کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ اس مجموعے کی نظموں میں ہجر، کرب، شکست، تنہائی، سماجی رویّوں کی سفاکی اور اپنی ذات سے مکالمے کی کیفیت نمایاں ہے۔ ان نظموں کی شدت کا سبب صرف موضوع کی تلخی نہیں، بلکہ یہ احساس بھی ہے کہ شاعر نے ان تجربات کو محض دور کھڑے ہو کر نہیں دیکھا، وہ اُن سے گُزر کر اُنہیں لفظوں میں ڈھالتا ہے۔ اس لیے یہاں دُکھ ایک بیان کردہ کیفیت کی بجائے ایک جیتی ہوئی حقیقت محسوس ہوتا ہے۔
اس مجموعے کا عنوان بھی کئی معنوی سطحیں رکھتا ہے۔ "ت لاش" زندگی کی ازلی جستجو، شناخت کی بازیافت اور معنی کی کھوج کا استعارہ ہے۔ جب اس لفظ کو "لاش" کی صَوتی اور معنوی بازگشت کے ساتھ پڑھا جائے تو جستجو کے انجام، فنا اور شکست کا ایک تاریک پہلو بھی سامنے آتا ہے۔ یوں عنوان قاری کو پہلے ہی بتا دیتا ہے کہ اس کتاب میں سفر صرف کسی منزل تک پہنچنے کا نہیں، بلکہ اس سوال سے دوچار ہونے کا بھی ہے کہ تلاش کرنے والے کے حصے میں آخر کیا آتا ہے۔ ڈاکٹر طارق ہاشمی نے بھی اس عنوان میں "زندگی کی جستجو، وجودی سوالات اور فنا کے احساس کی معنویت" کی طرف توجہ دلائی ہے۔ اُن کے نزدیک "شاعر نے اپنی ذات کے دُکھ کو اجتماعی سطح پر منتقل کیا ہے، اس لیے یہ مجموعہ محض ایک فرد کی شکست کا نوحہ نہیں رہتا، بلکہ ہمارے عہد کی حسرتوں اور محرومیوں کا استعارہ بن جاتا ہے"۔
"ت لاش" کی نظموں میں خانگی زندگی، رشتوں کی شکست، جُدائی، الزام، سماجی تضحیک اور قانونی و معاشرتی پیچیدگیوں کے اثرات بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ ان موضوعات کی اہمیت اس لیے ہے کہ اُردو نظم میں نجی اور گھریلو تجربات کو اکثر عمومی رومانوی یا اخلاقی بیانیے میں سمو دیا جاتا ہے، جب کہ محسن خالد محسن ان تجربات کی پیچیدگی اور ان سے پیدا ہونے والی نفسیاتی شکست کو براہِ راست موضوع بناتے ہیں۔ اُن کے ہاں ذاتی دُکھ محض ذاتی شکایت نہیں رہتا، وہ ایسے سماجی رویّوں کی نشان دہی کرتا ہے جو فرد کو تنہائی، بے توقیری اور داخلی انتشار کی طرف دھکیلتے ہیں۔
اس مجموعے کا اپنی بیٹی" ایمن زہرا" کے نام انتساب بھی اسی تناظر میں معنی خیز ہے۔ اس انتساب میں محبت، جُدائی اور رشتے کے تسلسل کی ایک ایسی کیفیت موجود ہے جو کتاب کے عمومی کرب سے جُڑ جاتی ہے۔ شاعر کے لیے بیٹی محض ایک شخصی نسبت نہیں، بلکہ محبت، اُمید اور مستقبل سے تعلق کا استعارہ بھی بن جاتی ہے۔ اس نوع کے تجربات کو نظم میں ڈھالنے کا ہنر اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ شاعر اپنی ذات کی اذیت کو محض جذباتی اظہار تک محدود نہ رکھے، بلکہ اسے فنی تشکیل دے۔ محسن خالد محسنؔ کی بیشتر نظموں میں یہی عمل دکھائی دیتا ہے یعنی ذاتی........