Malakwal Se New York Tak (7)

ملکوال سے نیویارک تک (7)

تقریباً ایک گھنٹے کی ڈرائیو کے بعد ہم نیو جرسی کے لبرٹی اسٹیٹ پارک پہنچ گئے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے ایک طرف نیویارک کی بلند و بالا عمارتوں کا شاندار منظر دکھائی دیتا ہے، جبکہ دوسری جانب مجسمۂ آزادی اور ایلس آئی لینڈ سامنے نظر آتے ہیں۔ ہمیں مجسمۂ آزادی کی طرف جانا تھا، لیکن اس منزل کا پہلا منظر خوبصورتی سے زیادہ اداسی اور خاموشی لیے ہوئے تھا۔ وہاں ہم نے دو بڑی، بلند دیواریں دیکھیں۔ پہلی نظر میں یہ محض ایک یادگار محسوس ہوتی تھیں، لیکن قریب جا کر معلوم ہوا کہ ان کی سطح پر بے شمار نام کندہ ہیں۔ یہ وہ نام تھے جو گیارہ ستمبر 2001ء کے ہولناک دہشت گرد حملوں میں ہمیشہ کے لیے تاریخ کا حصہ بن گئے۔ اچانک میری یادیں کئی سال پیچھے چلی گئیں۔

مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب 2001ء میں یہ ہولناک واقعہ پیش آیا تھا تو ہمارے گھر میں بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی ہوا کرتا تھا اور اس وقت ہمارے پاس صرف پی ٹی وی کا ہی چینل تھا۔ اسی رات نو بجے کے خبرنامے میں میں نے نیویارک میں پیش آنے والے اس خوفناک سانحے کی خبر دیکھی تھی۔ وہ مناظر اس وقت بھی دل دہلا دینے والے تھے اور آج، کئی برس بعد، اسی سانحے کی یادگار کے سامنے کھڑے ہو کر وہ واقعہ ایک بار پھر میرے ذہن میں تازہ ہوگیا۔ یہ یادگار Empty Sky Memorial کہلاتی ہے۔ اس کی دو بلند دیواریں ایک دوسرے کے متوازی کھڑی ہیں اور ان پر ان افراد کے نام کندہ ہیں جنہوں نے 11 ستمبر کے حملوں میں اپنی جانیں گنوائیں۔ ان دیواروں کا رخ اس سمت میں ہے جہاں کبھی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی بلند و بالا عمارتیں کھڑی تھیں۔

میں اور سلیمان شاہ کچھ دیر وہاں خاموش کھڑے رہے۔ ہماری نظریں ان بے شمار ناموں پر جمی ہوئی تھیں۔ ان ناموں میں مختلف مذاہب، مختلف ثقافتوں اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔ وہاں کھڑے ہو کر مجھے محسوس ہوا کہ تاریخ صرف کتابوں کے صفحات پر نہیں ہوتی۔ تاریخ کبھی کبھی ہمارے سامنے فولاد، پتھر اور کندہ شدہ ناموں کی صورت میں بھی کھڑی ہوتی ہے۔ ہر نام کے پیچھے یقیناً ایک گھر تھا، ایک خاندان تھا، ماں باپ تھے، بہن بھائی تھے، دوست تھے، خواب تھے اور زندگی کے بے شمار منصوبے تھے۔ مگر گیارہ ستمبر کی اس صبح نے ان سب زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے روک دیا۔ ہر نام کے پیچھے نہ جانے کتنی محبتیں، کتنی امیدیں اور کتنے خواب دفن ہو گئے۔ ان دونوں دیواروں کے درمیان کھڑے ہو کر ایک عجیب سی کیفیت طاری تھی۔ سامنے دور وہی نیویارک تھا جس کی طرف کبھی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی بلند و بالا عمارتیں دکھائی دیتی تھیں، مگر اب ان کی جگہ ایک خالی افق تھا۔

شاید اسی لیے اس یادگار کا نام Empty Sky اپنے اندر ایک گہری علامت رکھتا ہے۔ یہ خالی آسمان صرف دو عمارتوں کے نہ ہونے کی علامت نہیں بلکہ ان ہزاروں ادھورے خوابوں کی یاد بھی ہے جو اس سانحے کے ساتھ ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئے۔ ہم نے یادگار کے ساتھ کچھ تصاویر بنائیں اور پھر تھوڑا پیدل چلتے ہوئے اس علاقے کی طرف آ گئے جہاں ہمارے سامنے تاریخ کا ایک اور اہم باب موجود تھا۔ یہ وہ مقام تھا جہاں سے ہمیں مجسمۂ آزادی دیکھنے کے لیے فیری کے ٹکٹ حاصل کرنے تھے۔ مجسمۂ آزادی، جو دور سے ہمیں مسلسل اپنی طرف متوجہ کر رہا تھا، اب ہمارے اگلے سفر کی منزل بن چکا تھا۔ یہ عمارت کبھی ریلوے اسٹیشن ہوا کرتی تھی، لیکن یہ محض ایک ریلوے اسٹیشن نہیں تھی بلکہ امریکی ہجرت کی تاریخ کا ایک اہم دروازہ بھی رہی ہے۔

یہ ٹرمینل انیسویں صدی کے اواخر میں تعمیر ہوا تھا اور ایک........

© Daily Urdu (Blogs)