عطا ء الحق قاسمی
انٹرویوز میں ایک تعارفی جملہ آپ نے بھی سنا ہوگا کہ" آپ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں" اور اس دعوے کے بعد ان صاحب یا صاحبہ کا لمبا چوڑا تعارف کرایا جاتا ہے۔ یہ تعارف سن کر دو خیال ذہن میں آتے ہیں، ایک یہ کہ آج کی شخصیت مکمل طور پر تعارف کی محتاج تھی کیونکہ اس لمبے چوڑے تعارف میں بھی ان کا تعارف نہیں ہوا اور اس حوالے سے دوسرا خیال یہ ذہن میں آتا ہے کہ ان صاحب یا صاحبہ سے ملاقات کرا کے ہمارا اور ان کا ٹائم کیوں ضائع کیا گیا ؟دراصل ٹی وی اور سوشل میڈیا چینلز کی دن بدن بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ان چینلز کو "گیسٹ" ملنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ جو لوگ واقعی کسی تعارف کے محتاج نہیں تھے ان کی اکثریت ان چینلز نے بھگتا دی ہے اور یوں اب کچرا آنا شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز میں نے اسلام پورہ ( سابق کرشن نگر ) کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا انٹریو ایک چینل پر دیکھا۔ موصوف اس عزم کا ارادہ کر رہے تھے کہ وہ اس کھیل کے فروغ کیلئے پورے ملک میں مہم چلائیں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ غریب عوام کی ذہنی پریشانیوں کو دور کرنے کا واحد ذریعہ کرکٹ کا فروغ ہے جسکے نتیجے میں کچھ وقت کے لیے انھیں اپنی پریشانیوں سے نجات مل سکے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ غریب عوام کو صرف کرکٹ سے نہیں بہلائیں گے بلکہ ان کے دکھوں کے علاج کیلئے ایک ہسپتال بھی بنائیں گے جہاں سے ان کا علاج مفت ہوگا ۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ کا سیاست میں حصہ لینے کا تو کوئی ارادہ نہیں ؟ بولے ہر گز نہیں ، ابھی تک وہ عوام کے اصرار کو نظر انداز کرتے چلے آرہے ہیں، تاہم اگر وہ باز نہ آئے تو پھر ان کی خواہش کے احترام میں مجھے سیاست میں آنا ہی پڑے گا ۔ایک انٹرویو میں نے ایک تاجر ایسوسی ایشن کی صدارت کے امید وار کا بھی سنا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ اگر انہیں کا میابی ملی تو وہ ملک میں فوری طور پر اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لا ئیں گے۔ امریکہ کے سفارتخانے کے باہر بھر پور مظاہرہ کریں گے اور دھرنا بھی دیں گے۔ یہ دھرنا اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت امریکہ کے سفیر کو ملک بدر نہیں کرتی ۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اپنے بازار میں ان گاہکوں کی سہولت کیلئے واش روم نہیں بنائیں گے جو خریداری کیلئے آتے ہیں؟ اس پر وہ بولے آپ مجھے ڈی گریڈ کر رہے ہیں۔ میں ملک میں اسلامی نظام کے نفاد کی بات کر رہا ہوں، آپ درمیان میں واش روم لے کر آگئے ہیں۔ اس کے بعد انھوں نے ایک لمبا چوڑا لیکچر دیا اور کہا ” جب بھی کوئی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی بات کرتا ہے تو آپ جیسے لوگ پر ہجوم علاقوں میں واش رومز کی تعمیر جیسے Petty مسائل کا ذکر لے بیٹھتے ہیں ؟“
جیسا کہ میں نے شروع میں ذکر کیا کہ اہم شخصیات کی کمیابی کے باعث اب مجھ ایسوں کی لاٹری بھی نکل آئی ہے۔ چنانچہ میرے تعارف میں اینکر نے ” آپ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں" کے روایتی جملے کے بعد میرا جو تعارف کرایا وہ اتنا بھونڈا تھا کہ مجھ سے رہا نہ گیا۔ چنانچہ میں نے اس لائیو پروگرام میں بتایا کہ میں چھبیس شعری مجموعوں کا خالق ہوں جو پبلشرز کی ناقدری کی وجہ سے ابھی تک شائع نہیں ہو سکے۔ اس کے علاوہ مجلس ادب لودھراں نے مجھے اپنے خصوصی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ میں نے ادبی سرگرمیوں کی سر پرستی کی غرض سے ان سے آمد ورفت کے اخراجات اور اعزاز یہ کی بات بھی نہیں کی۔ نہ انھوں نے یہ پیشکش کی تھی اور یوں میں مارو مار لودھراں پہنچ گیا جہاں........
