کاشف اشفاق
ہماری معیشت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بیرونی قرضوں کا حصول یا زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی بجائے پائیدار صنعتی ترقی ہے۔ اسکے بغیر عالمی مالیاتی اداروں سے قرضوں کے حصول، بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی اور دوست ممالک کی مالی معاونت ہمیں وقتی سہارا تو فراہم کر سکتی ہے لیکن یہ عوامل پائیدار معاشی استحکام کا متبادل نہیں بن سکتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ صنعتی ترقی کو فروغ دے کر پیداوار میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ اسے مزید مسابقتی بنا کر برآمدات بڑھائی جائیں۔ اگرچہ گزشتہ چند برسوں کے دوران حکومت نے قرضوں کے ذریعے ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے لیکن یہ حکمت عملی مستقل حل نہیں ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب ایک طرف بیرونی قرضوں کی اقساط اور سود کی ادائیگیاں بڑھ رہی ہوں اور دوسری جانب توانائی، خام مال اور ضروری صنعتی اشیا کی درآمدات کیلئے بھاری زرمبادلہ درکار ہو تو ملکی ذخائر پر دباؤ برقرار رہتا ہے۔دنیا بھر میں رائج سرمایہ داری نظام میں زرمبادلہ کے ذخائر کسی بھی ملک کیلئے مالی تحفظ کی علامت ہوتے ہیں۔ ان سے درآمدی ضروریات پوری کرنے، بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ برداشت کرنے اور عالمی منڈیوں میں اعتماد برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی طرح مالیاتی نظم و ضبط اور بجٹ خسارے پر قابو پانے کی کوششیں بھی معاشی استحکام کیلئے اہم ہیں۔ تاہم زرمبادلہ کے ذخائر میں مستقل اضافہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب برآمدات، بیرونی سرمایہ کاری اور دیگر مستقل ذرائع سے زرمبادلہ کی آمد تسلسل سے جاری رہے۔ پانڈا بانڈز اور یورو بانڈز جیسے مالیاتی ذرائع تک رسائی یقیناً سرمایہ کاری کے نئے امکانات کھولتی ہے لیکن ان ذرائع سے حاصل ہونیوالی رقم بالآخر واپس کرنا ہوتی ہے۔ چنانچہ اصل کامیابی قرض حاصل کرنے میں نہیں بلکہ اس سرمائے کو ایسے شعبوں میں لگانے میں ہے جو مستقبل میں آمدن اور برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔ اس کیلئےیہ فرق سمجھنا ضروری ہے کہ قرض لینے کی صلاحیت اور قرض واپس کرنے کی صلاحیت دو الگ معاملات ہیں۔ پہلی صلاحیت بین الاقوامی اعتماد اور مالیاتی انتظام سے پیدا ہوتی ہے جبکہ دوسری کیلئے مضبوط معیشت اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ضروری ہے۔ اس لئے پاکستان کی معاشی پالیسی کا مرکزی ہدف برآمدات میں پائیدار اضافہ ہونا چاہیے کیونکہ جب ملک کی برآمدی آمدن محدود اور درآمدی ضروریات زیادہ ہوں تو زرمبادلہ کے ذخائر پر دباو رہتا ہے۔ ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت اس حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتی ہے لیکن مستقبل میں مسابقت برقرار رکھنے کی؛لئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بھی کم قیمت اور کم منافع والی مصنوعات سے آگے بڑھنا ہو گا۔ اس تبدیلی کیلئےجدید مشینری، ہنرمند افرادی قوت، تحقیق، مسابقتی بنیادوں پر توانائی کی قابل اعتماد فراہمی اور عالمی معیار کے مطابق پیداوار ضروری ہے۔
برآمدات میں اضافے کیلئے پاکستان کو چند روایتی شعبوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی برآمدی بنیاد وسیع کرنا ہو گی۔ اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پراسیسنگ، انجینئرنگ، سرجیکل آلات، فرنیچر مینوفیکچرنگ، فیشن اور جم اینڈ جیولرز کے شعبوں میں ترقی........
