ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی
چاہے زمانہ قدیم کا رومن اکھاڑہ ہو یا دورِ جدید کی اکیسویں صدی، کھیلوں کے مقابلے ہمیں سکھلاتے ہیں کہ زندگی میں کامیابی کا تعلق عزم و حوصلےسے ہوتا ہے، بعض اوقات ایک ایسا کھلاڑی جو زندگی کے مشکل ترین حالات کا سامنا کر رہا ہوتا ہے، جب کھیل کے میدان میں قدم رکھتا ہے تو وہ اپنے حوصلے سےمدمقابل کو شکست دیکر سب کو حیران کردیتا ہے۔ پریم نگر دی لینڈ آف لونے کراچی اور حیدرآباد میں میوزیکل کنسرٹس میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اسلام آباد میں خصوصی بچوں کیلئےایک ایسے منفرد اسپورٹس اور چیریٹی میوزک پروگرام کا اہتمام کیاہےجہاں کھیل، موسیقی اور انسانیت ایک ہی مقصد کیلئے یکجا ہوکر نئی تاریخ رقم کردیں گے، رواں ہفتے12 ستمبر کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس یادگاری تقریب میں اسلام آبادکے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، خصوصی بچوں کے مراکز اور سماجی اداروں سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچوںکے مابین مختلف کھیل، تفریحی سرگرمیاں اور دیگر مقابلے منعقد کیے جائیں گےجنکا مقصد خصوصی بچوں کو اعتماد، حوصلہ اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہارکا موقع فراہم کرنا ہے،جب یہ بچے اسپورٹس کمپلیکس کے میدان میں اُتریں گےتو وہاں موجود ہر تماشائی انہیں داد دینے پر مجبور ہوجائے گا، ان بچوں میں کوئی دیکھ نہیں سکتا مگر اس کی آواز میں ایسا سُر ہے جو ِدلوں کو چھو لیتا ہے، کوئی بچہ ہاتھوں سے محروم ہے لیکن اپنے پاؤں سے ایسی خوبصورت مصوری کرتا ہے کہ صحت مند ہاتھ رکھنے والے بھی حیران رہ جاتے ہیں، ان میں کسی بچے کی ٹانگیں نہیں لیکن وہ وہیل چیئر ریس کے ذریعے آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھتا ہے، ایسے بچے بھی موجود ہیں جو نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں، جنہیں انکے اپنوں نے تنہا چھوڑ دیا ہے، مگر وہ زندگی سے شکوہ نہیں کرتے۔پریم نگر کے زیراہتمام چیئرٹی اسپورٹس ایونٹ کا سب سے دلچسپ مرحلہ تقسیم انعامات کی رنگارنگ تقریب کی صورت میں سامنے آئے گا جب مقابلے جیتنے والے بچوں کو انعامات دینے کیلئے اسٹیج پر مدعو کیا جائیگا، یہ خصوصی بچےتالیوں کی گونج میں اپنے ہاتھوں میں ٹرافیاں اُٹھائے عزم، حوصلے اور جدوجہد کی جیتی جاگتی تصویر پیش کریں گے ،اختتامی تقریب کے موقع پر پریم نگر کے برانڈ ایمبسڈرز کوئین آف صوفی میوزک عابدہ پروین اور استاد راحت فتح علی خان لائیو پرفارمنس دینے کیلئے پہلی مرتبہ ایک ساتھ اسٹیج پر آئیںگے، وہاں موجود شایقین موسیقی کیلئےایک اور دلچسپی کا امر مقبول گلوکار ابرار الحق کو اپنے درمیان پانا ہوگا جو استاد راحت فتح علی خان کے ہمراہ خصوصی پرفارم کرکے ایک گانا پریم نگر کے ننھے فرشتوں کے نام کریں گے۔صوفی گلوکارہ عابدہ پروین جب شاہ عبداللطیف بھٹائی، بلھے شاہ، بابا فرید، سلطان باہو اور سچل سرمست جیسے عظیم صوفی شعرا کا کلام پیش کریں گی تو انکی آواز میں سندھ دھرتی کا صدیوں پرانا محبت اور بھائی چارے کا درس گونجے گا جو ہرانسان کو مذہبی، لسانی اور سماجی اختلافات سے بلند ہو کر محبت اور انسانیت کیلئے سوچنے پر مجبور کردیگا۔دوسری جانب استاد راحت فتح علی خان نے صوفی موسیقی کو پاکستان سے دنیا بھر تک پہنچانے میں ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے،انکی آواز محبت اور روحانیت کی اُس عظیم روایت کی نمائندگی کرتی ہے جو ہمارے خطے کی پہچان ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ دردِ انسانیت رکھنے والے ایسےعظیم........
