پٹرولیم ذخائر کی نگرانی
پٹرولیم ذخائر کی نگرانی
وفاقی حکومت نے ایندھن کے ذخائر اور نرخوں کی نگرانی کے لیے دارالحکومت میں اٹھارہ رکنی کمیٹی تشکیل دے کر ایک واضح پیغام دیا ہے کہ عالمی حالات کے تناظر میں داخلی منڈی پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر بننے والی اس کمیٹی کے پہلے اجلاس میںتوانائی کے شعبے میں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور رسد کے تسلسل کو یقینی بنانے کے اقدامات زیرِ بحث آئے۔ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں اور ترسیلی نظام مستحکم ہے۔ کمیٹی نے یہ طے کیا کہ یومیہ بنیادوں پر دستیاب ذخیرہ جات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خلل سے قبل بروقت فیصلہ کیا جا سکے۔ بظاہر یہ اقدام احتیاطی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی نے توانائی کی منڈیوں کو غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار کر رکھا ہے۔کمیٹی کے اراکین نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال کو عالمی ترسیل کے لیے حساس قرار دیا، کیونکہ ان گزرگاہوں میں معمولی رکاوٹ بھی قیمتوں اور سپلائی پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔ ایسے میں پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ داخلی نظم و ضبط کو مضبوط رکھتے ہوئے منڈی میں قیاس آرائی اور ذخیرہ اندوزی کا راستہ روکے۔تاہم اصل امتحان نگرانی کے اعلان میں نہیں بلکہ اس کے عملی نفاذ میں ہے۔ اگر شفاف اعداد و شمار، بروقت معلومات اور منصفانہ قیمتوں کا نظام یقینی بنایا گیا تو یہ اقدام عوامی اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ توانائی حکمتِ عملی کو مستقل بنیادوں پر استوار کیا جائے، نہ کہ ہنگامی کیفیت کے تحت۔
